بھٹکل:4/ نومبر (ایس اؤنیوز)بھٹکل ودھان سبھا حلقہ کو رکن اسمبلی منکال وئیدیا کی جانب سے 1000کروڑ روپئے کی امداد فراہم کرنے کے دعویٰ پربھٹکل کے سابق رکن اسمبلی اور حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہونے والے جے ڈی نائک نے بھی اپنے نشانہ پر لیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا ہے کہ منکال وئیدیا اس بات کو واضح کریں کہ انہوں نے اتنی بڑی رقم کن کن محکمہ جات کے ذریعے اور کن کن کاموں میں استعمال کئے ہیں۔ جے ڈی نائک نے منکال وئیدیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ترقیاتی کاموں کا عملی منصوبہ عوام کے سامنے پیش کریں۔
جے ڈی نائک کے مطابق بھٹکل میں اب جو بس ڈپو کاکام جاری ہے وہ میرے اسمبلی کی رکنیت کے دوران منظور ہواتھا میری میعاد میں بھی برج وغیرہ کے ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ بلدیہ حدود میں اے ڈی بی کے ذریعے بھی کئی طرح کے تعمیراتی کام ہوئے ہیں۔ لیکن ہم نے کبھی اس طرح کی سستی شہر ت یا تشہیر کے پیچھے نہیں بھاگے اور نہ ہی کبھی امداد کے حساب کتاب میں مگن رہے۔ مگر منکال وئیدیا بات بات پر ہزار کروڑ روپئے بھٹکل میں خرچ کرنے کی بات کہہ رہے ہیں۔